ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عیدمنانے کا خواب پورا ہوجا ئیگا، محمودخان 

ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عیدمنانے کا خواب پورا ہوجا ئیگا، ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناسید عبدالخبیر آذاد نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کے علاوہ بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے اور ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کو آپس کے اتحاد اور اتفاق کے لئے انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علمائے کرام کے تعاون سے اس دفعہ ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے اور عید منانے کا خواب پورا ہو جائیگا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبہ بھر میں رویت ہلال کمیٹیوں کو فعال اور متحرک بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ 

مزید :

صفحہ اول -