ہم یہاں بین الاقوامی ایشوز پر فیصلہ کرنے کیلئے نہیں بیٹھے ،سپریم کورٹ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ میں اوپن بیلٹ سے متعلق صدارتی ریفرنس پرن لیگ کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے غیر ملکی عدالتی فیصلوں کے حوالے دینے پر چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ ہم یہاں بین الاقوامی ایشوز پر فیصلہ کرنے کیلئے نہیں بیٹھے ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق صدارتی ریفرنس پر دوران سماعت بیرسٹر ظفراللہ نے کہاکہ پاکستان کئی بین الاقوامی معاہدوں کا حصہ ہے، عدالت نے کہاکہ کیا بین الاقوامی معاہدے سینیٹ الیکشن خفیہ ووٹنگ سے کروانے کا کہتے ہیں ؟۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کسی بین الاقوامی معاہدے کی حامی نہیں ،بیرسٹر ظفراللہ نے کہاکہ الیکشن ایکٹ کی تیاری کے دوران خفیہ ووٹنگ پر بحث ہوئی تھی،چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ عدالت کو تمام زمینی حقائق کا علم ہے،بیرسٹر ظفر اللہ نے سپریم کورٹ میں دلائل مکمل کرلئے۔