کراچی کنگز کا پہاڑ جیسا ہدف ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جارحانہ بلے بازی، سنسنی خیز میچ کا نتیجہ آگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے197 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔اسلام آباد کی جانب سے افتخار احمد 49،حسین طلعت42، ایلکس ہیلز 46،فہیم اشرف 25 اور آصف علی 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔ فل سالٹ اور کپتان شاداب خان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔کراچی کی جانب سےمحمد نبی، ارشد اقبال ،وقاص مقصود ،محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
قبل ازیں کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے تھے۔کراچی کی جانب سے شرجیل خان58 گیندوں پر 105 ، بابر اعظم 54 گیندوں پر 62 رنز بناکر نمایاں رہے۔شرجیل خان نے اپنی سینچری55 گیندوں پر مکمل کی۔شرجیل خان نے اپنی جارحانہ اننگز میں نو چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔شرجیل خان اپنی اننگز کے دوران ایک دفعہ آؤٹ بھی ہوئے تاہم وہ گیند نوبال قرار پائی تھی۔اسلام آباد کی جانب سے حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس بار کے پی ایس ایل میں شام کے میچ میں اب تک جس ٹیم نے بھی ٹاس جیتا ہے وہ پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتی ہے۔ دونوں ٹیوں نے اس سے پہلے ایک ایک میچ کھیل رکھا ہے جس میں دونوں ہی اپنی حریف ٹیموں پر فاتح قرار پائیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کی ٹیم دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، محمد عامر،شرجیل خان، بابر اعظم ،جوئے کلارک، کولن انگرم، محمد نبی، ڈینئل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود اور ارشد اقبال شامل ہیں۔
اسلام آباد کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف،آصف علی ، ایلکس ہیلز،فل سالٹ، حسین طلعت ، افتخار احمد، لوئس گریگری، ظفر گوہر اور محمد وسیم جونئیر شامل ہیں۔