'الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے، ہم کارروائی کریں گے' شبلی فراز کا اعلان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں جو بے ضابطگیاں ہوئی ہیں الیکشن کمیشن نشاندہی کرے ، جو بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں ضمنی الیکشن شفاف ہوئے ہیں، ماضی میں جس کی حکومت ہوتی تھی وہی ضمنی الیکشن جیتتا تھا۔ ہم نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ایک طویل جہدوجہد کی ہے، ہمیں 2013 کے انتخابات دھاندلی کے خلاف دھرنا بھی دینا پڑا ۔
انہوں نے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ کے جتنے بھی پولنگ سٹیشنز کے نتائج آچکےہیں ان کا اعلان کر دینا چاہیے۔ ہم نظام میں شفافیت لانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ساتھ دینے کے بجائے مخالفت کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این اے 75 میں جو بھی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں الیکشن کمیشن اس کے بارے میں بتائے ہم کارروائی کریں گے۔ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ اب منافقت چھوڑ کر الیکشن میں ترمیمی بل کو منظور کرائیں۔