شیراکوٹ پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی چرس برآمد کرلی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )شیراکوٹ پولیس نے کوئٹہ سے لاہور منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 16 کلو چرس برآمد کرلی۔
ڈپٹی سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) نوانکوٹ سرکل عمر فاروق بلوچ کا کہنا ہے کہ سٹیشن ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ او) شیراکوٹ زاہد چودھری کے ہمراہ پولیس ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں اجمل خان اور عزیزاللہ کو گرفتار کیا۔ملزمان بس کے ذریعے منشیات لیکر کوئٹہ سے لاہور آرہے تھے کہ خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ان کو گرفتار کرلیا گیا۔ملزمان کے قبضہ سے دو موبائل فونز اور ہزاروں روپے نقدی بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ بس کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالےکر دیاگیا۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او ) لاہور غلام محمود ڈوگر نے نے کارروائی پر ڈی ایس پی نوانکوٹ سرکل عمر فاروق بلوچ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔