حکومت پنجاب کا غیر فعال این جی اوز کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بزدار حکومت نے صوبائی دارالحکومت سمیت سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکراور صوبہ بھرکےتمام اضلاع میں غیرفعال اوربوگس غیر سرکاری فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق این جی اوز کے نام پر کروڑوں روپے کے غیر ملکی فلاحی فنڈز خرد برد کرنیوالے فراڈیوں کا سپیشل آڈٹ کرنے کے علاوہ ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے اور ہمیشہ کیلئے پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں فراڈیوں اور جعلسازوں نے خود ساختہ فلاحی تنظیمیں قائم کررکھی ہیں اور ان میں سے بیشتر کےدفاتر گھروں اور ڈرائنگ روم میں موجود ہیں، یہ خود ساختہ تنظیمیں غیر ملکوں سے فنڈز وصول کرتی ہیں، ان میں سے اکثریت جعلی تصاویر، ویڈیوز وغیرہ بنوا کر غیر ملکیوں سے فنڈز وصول کرتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے،بزدار حکومت نے ایسی تنظیموں کے لائسنس منسوخ کرنے اور ان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔