ورزش کا جسم کو تو فائدہ ہوتاہے لیکن دماغی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے؟
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ورزش کو اکثر لوگ جسمانی صحت کے حوالے سے ہی اہم جانتے ہیں اور اس کے ذہنی صحت کے حوالے سے فوائد کو نظرانداز کیا جاتاہے جو اس قدر ہیں کہ سن کر لوگ دنگ رہ جائیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش کرنے سے انسان کے جسم میں اینڈورفینز ہارمونز کا لیول بڑھتا ہے جس سے آدمی کا موڈ بہتر ہوتا ہے اور اسے خوشی اور طمانیت ملتی ہے۔
ماہرین نے اس حوالے سے ایک تحقیق کی ہے جس میں 18سے 67سال کی عمر کے سینکڑوں لوگوں کو تین گروپوں میں تقسیم کرکے ان سے ہلکی، درمیانی اور کڑی ورزش کرائی گئی اور ان کی ذہنی صحت پر ان کے اثرات کا معائنہ کیا گیا۔ نتائج میں ماہرین نے بتایا کہ تینوں گروپوں میں ورزش کے سبب ڈپریشن اور انفلیمیشن کم ہو گئی تھی اور خلیوں کی شکست و ریخت کا عمل سست ہو گیا تھا، جس کا مطلب ہے کہ ورزش دیرپا جوانی اور عمر میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہے۔
تحقیق میں شامل لوگوں میں ذہنی تناﺅ اور پریشانی کا لیول کئی گنا کم ہو گیا تھا اور ان میں نیند کا معیار بہت بہتر ہو گیا ۔ان لوگوں خوداعتمادی کا عنصر بہت قوی ہو گیااور ان میں فیصلہ سازی کی صلاحیت عود کر آئی۔ ان لوگوں کا مجموعی طور پر کہنا تھا کہ انہیں ورزش شروع کرنے کے بعد پتا چلا کہ دراصل خوشی کسے کہتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ جو لوگ بھی ذہنی خلفشار، ذہنی تناﺅ اور ڈپریشن جیسے عارضوں میں مبتلا ہیں، انہیں ورزش کرنی چاہیے، خواہ کسی نوعیت کی ورزش ہو، ذہنی صحت کے حوالے سے بہت فائدہ مند ہو گی۔