ایک جگہ2 سوئمنگ پولز دیکھے،ایک میں پانی بھرا دوسرا خالی تھا، کسی سردار جی (سِکھ) نے بنوائے، خالی اس لیے بنوایا کبھی دل نہانے کو نہیں بھی چاہتا 

 ایک جگہ2 سوئمنگ پولز دیکھے،ایک میں پانی بھرا دوسرا خالی تھا، کسی سردار جی ...
 ایک جگہ2 سوئمنگ پولز دیکھے،ایک میں پانی بھرا دوسرا خالی تھا، کسی سردار جی (سِکھ) نے بنوائے، خالی اس لیے بنوایا کبھی دل نہانے کو نہیں بھی چاہتا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ع۔ غ۔ جانباز 
 قسط:56
نیچے واپس آتے ہوئے ایک جگہ2 سوئمنگ پولز دیکھے۔ ایک میں پانی بھرا ہوا تھا دوسرا خالی تھا۔ لگتا ہے کسی سردار جی (سِکھ) نے بنوائے ہونگے۔ جنہوں نے کسی کے پوچھنے پر بتلایا تھا کہ دوسرا تالاب جس میں پانی نہیں وہ سردار جی نے اس لیے بنوایا ہے کہ کبھی آدمی کا دل نہانے کو نہیں بھی چاہتا تو اُس وقت اُس دوسرے خالی تالاب میں بندہ چلا جائے۔ 
یار! آف وائیٹ پتّوں کی چکا چوَند سے بھرپور درختوں کی ایک لمبی قطار، سبحان اللہ! قلب و نظر کہیں رُک جائیں مجھے اِس مُنفرد نطاّرے سے جھولیاں بھر لینے دیں۔ اُنہیں سمجھایا پھر بہلایا اور آگے چلے۔ یہ گوروں کا قبرستان! ملاحظہ ہو اِس کی صفائی سُتھرائی اور قبروں پر پھُولوں کی بہار۔ وہ دیکھیں ایک لائن میں دس گھر اور سامنے ایک 20-15 فٹ اُونچی دلکش سبز اشجار کی اُونچی باڑ۔ کیا حسین منظر ہے! ضرور وہاں کسی صاحب ذوق کا گھر ہے۔ آگے چتکبری گائیوں کے فارم۔ ساتھ اِسی طرح بھیڑوں کے فارم۔ یہ دیکھو سڑک کے قریب ہی بیٹھی گائیں یہ تو کسی خاص نسل کی ہیں، بڑی بڑی ہیوی ویٹ گائیں۔  Ornamental Trees کی روشیں جس خوبصورتی سے اِس علاقہ میں  فارمز کے اندر اور باہر جِس اہتمام سے لگائی گئی ہیں، دوسری جگہوں پر ہیں تو سہی لیکن یہ سلیقہ یہ قرینہ کہاں! یہاں داد دینے کو جی چاہتا ہے۔
لو اب نیا جلوہ اب سڑک چل پڑی کینگرو ویلی کی طرف جو یہاں سے 17 کلو میٹر ہے۔ کاش وقت ہوتا تو ویلی میں کانگرؤں کو قطار در قطار دیکھتے۔ لو بھئی ہم تو آگئے اب اپنی مخصوص جگہ پر یعنی Fitzroy Falls جو واقع ہے جناب مورٹن نیشنل پارک میں۔ یہ فال ایک حسین منظر پیش کر رہی ہے۔ دونوں طرف بڑی بڑی چٹانوں کے جَلو میں سینکڑوں من صاف شفّاف پانی گرتا ہو تو ایک جادوئی کیفیّت سے آدمی دو چار ہوجاتا ہے اور اِس منظر میں کھو سا جاتا ہے۔
اب ایک دوسری لک آؤٹ کی طرف گاڑی موڑ دی۔ یہ ہے Monning Lookout…… واہ بھئی واہ اِس لک آؤٹ پر جانے کے لیے سڑک پر ڈالنے کے لیے ’لُک‘ ہی ختم ہوگئی۔ پتھریلی سڑک کھڑرّ کھزرّ…… کھڑرّ کھڑرّ،  جا رہے ہیں۔ جگہ دیکھی لیکن مزہ نہ آیا۔ واپسی ڈال دی۔ میرے مُنہ سے بے ساختہ نکلا۔
”سڑک تے لُک نہیں پونی تے لک آؤٹ دا بورڈ رکھ چھاؤنی تے“
اب گاڑی ڈال دی Woonana کی جانب تو جناب یہ جگہ ہے ایک گھنٹہ کی ڈرائیو پر۔ بائیں طرف ایک بڑی جھیل۔ لش گرین اور Well Maintained Cattle اینڈ گوٹ  فارمز۔ فارم اونرز کے حُسن و جمال سے وابستگی کا مظہر۔کیا قرینہ کیا سجاوٹ؟ 
 (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے۔ ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔(جملہ حقوق محفوظ ہیں)

مزید :

ادب وثقافت -