منیش شرما کی فلم میں کام کرنے کی خبریں من گھڑت ہیں‘پرینیتی چوپڑا

منیش شرما کی فلم میں کام کرنے کی خبریں من گھڑت ہیں‘پرینیتی چوپڑا

ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منیش شرما کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم میں کام کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی مجھ سے اس فلم میں کام کرنے کے متعلق سوال کررہا ہے مگر اس سلسلہ میں شاہ رخ اور منیش شرما سے پوچھنا چاہیے ۔ یہ بات انھوں نے بھارتی ٹی وی کے رائیلٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس کے سیٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وہ اس شو میں ساتھی اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ہمراہ اپنی فلم ہنسی تو پھنسی کے گانے ” شیک اٹ لائیک شمی“ کو لانچ کرنے کے سلسلے میں شریک ہوئیں تھی ۔

 اس موقع پر نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ خود کو ملنے والی فلموں سے بہت خوش نظر آرہی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت اچھا محسوس ہوتا ہے جب مجھے بہترین فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی جاتی ہے ۔ میں اس وقت ایسی ہی بہت سی فلموں میں کام کررہی ہوں ۔پرینتی کا فلم ہنسی تو پھنسی میں گانوں کے متعلق سوال کے جواب پر کہنا تھا کہ جب یہ فلم بنائی جارہی تھی تو اس میں صرف دو یا تین گانے تھے جب کہ لو سانگ ان کے بعد بنائے گئے ہیں اور میں یہ جاننے کے لیے بہت بے تاب تھی کہ یہ گانے کیسے ہوں گے اور فلم میں کیسے ایڈجسٹ کیے جائیں گے جن کا مجھے عکس بند کروانے کے دوران معلوم ہوا کہ یہ سب بہترین ہیں میں ان گانوں کو اس وجہ سے بہترین اور خوبصورت نہیں کہہ رہی کہ یہ ہماری فلم کے گانے ہیں بلکہ یہ حقیقت میں دوسرے گانوں سے بہتر ہیں اور میں نے ان پر بہت اچھی طرح سے پرفارم کیا ہے جو مداحوں کو یقیناً پسند آئیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں پرینیتی نے کہا کہ میں عامر ، سلمان اور شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں اور اس کے لیے مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔

مزید : کلچر