اقوام متحدہ کی پاکستان میں دہشت گردی کے حملوںکی شدید مذمت

اقوام متحدہ کی پاکستان میں دہشت گردی کے حملوںکی شدید مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں، حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور پولیو ورکرز کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے جاری بیان میں بان کی مون نے دہشت گردی کے جاری حملوں اور پرتشدد فرقہ وارانہ واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کے آراءبازار کے حالیہ دھماکے اور بلوچستان میں زائرین کی بس کو نشانہ بنانے کے علاوہ پولیو ورکروں پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکروں پر ”ناقابل قبول“ حملوں سے پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاکستان کا شمار ان تین ممالک میں ہوتا ہے جہاں ابھی پولیو کے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں پاکستان کی حکومت، عوام اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔

مزید :

عالمی منظر -