پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہےں: نیپالی سفیر

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہےں: نیپالی سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال کے سفیر بھرت راج پدیال نے فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپال پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ پاکستان زرعی شعبہ میں نیپال کے ساتھ اشتراکی منصوبے شروع کر سکتا ہے۔ نیپال میں بہترین سیاحتی مراکز کو پاکستانی سیاح وزٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے باہمی تجارتی حجم اور تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی تمام تر سپورٹ کا یقین دلایا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تجارتی و سفارتی تعلقات موجود ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیپال میں آسان ٹیکس سسٹم موجود ہے جس کی وجہ سے برآمدکنندگان کو انکم ٹیکس استثنیٰ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے فنانس منسٹرز کی سطح کے جوائنٹ اکنامک کمیشن کے ذریعے باہمی تجارت کوبڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 4 سالوں سے کھٹمنڈو میں دونوں ممالک کے کاروباری حضرات کے اشتراک سے پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ نیپالی مصنوعات کی سنگل کنٹری نمائش کا پاکستان میں بھی انعقاد ہونا چاہیئے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد انجینئرسہیل بن رشید نے کہا کہ 2012 ءمیں دونوں ممالک کا تجارتی حجم 3.80 ملین ڈالرتھا جس میں پاکستانی درآمدات 1.52 ملین ڈالر جبکہ برآمدات 1.28 ملین ڈالر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔ بہترین کوالٹی کی پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی نیپال برآمد ممکن ہے۔ ا نہوں نے فیصل آباد چیمبر اور کھٹمنڈو چیمبر کے مابین مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تجویز دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد نیپال کی سیمی تیار شدہ مصنوعات کی یہاں تیاری کے یورپ برآمد کیا جاسکتا ہے۔
 اس موقع پر سینئر نائب صدر ایوان ریاض الحق، نائب صدر چوہدری محمد اصغر ، سابق نائب صدر ریحان نسیم بھراڑہ، شیخ حاجی محمد بشیر، رانا محمد اکرام اللہ، محمد طلحہٰ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔           

مزید :

کامرس -