نوازشریف حکمران نہیں، لیڈربنیں، دہشتگردی کیخلاف جلد فیصلہ کریں: خورشید شاہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو دہشت گردی کے خلاف جلد کوئی فیصلہ کرنا ہوگا،حکمران نہیں لیڈر بنیں ، پیپلز پارٹی آپریشن سمیت ہر فیصلے کی حمایت کرے گی۔ سی ایم ایچ میں زیر علاج آر اے بازار راولپنڈی بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے حل کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کو جلد کوئی فیصلہ کرناہوگا، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے پاکستان پیپلز پارٹی ان کا ساتھ دے گی اور آپریشن سمیت ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج عیادت کے دوران مختلف تاثرات سن کر سر شرم سے جھک گیا ہے، زخمی افراد کا کہنا تھا کہ انہیں حکمراں نہیں بلکہ ایک لیڈر چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مسلسل دہشت گردی سے ریاست کمزور ہوتی جارہی ہے، کسی جماعت کواس مسئلے پر پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہئے۔