انڈر 19ورلڈ کپ،لائیڈ پوپ نے آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچادیا
آکلینڈ(اے پی پی) لائیڈ پوپ کی ریکارڈ ساز باؤلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، فاتح ٹیم نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ انڈر 19 کو 31 رنز سے شکست دی، انگلش ٹیم 127 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں صرف 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی، لائیڈ پوپ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی بینٹن کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، 47 کے سکور پر انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں تھا جبکہ اگلے 49 رنز پر اس کی 10 وکٹیں گریں، بینٹن 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، پوپ نے 9.4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلوی انڈر 19 ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 33.3 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان جیسن سانگھا نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، برینٹ 16، ایونز 12 اور میک سوینی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بامبر، پینگٹن اور جیکس نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں انگلینڈ انڈر 19 ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 24ویں اوور میں 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بینٹن کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی پوپ کی جادوئی سپن باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکا، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، پوپ نے 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔