قائد اعظم اقلیتوں کے حقوق کے داعی تھے،خلیل طاہر سندھو

قائد اعظم اقلیتوں کے حقوق کے داعی تھے،خلیل طاہر سندھو

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ قائد اعظم اقلیتوں کے حقوق کے داعی تھے اور قیام پاکستان میں اقلیتی برادری نے بھی کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثا ر آڈیٹوریم میں قائداعظم کے 141 ویںیوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ انٹر سکول تقریری مقابلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا عنوان قائد اعظم کے قول’’لفظ ناکامی سے میں نا آشنا ہوں‘‘ تھا جس میں لاہور کے 32 سکولز جن میں سٹی سکول، بیکن ہاؤس سکول سسٹم، ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن، گورنمنٹ کمپری ہینسیو سکول واحدت روڈ، سبزہ زارماڈل سکول اور یونیک ہائی سکول شامل تھے نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا صرف مستقبل ہی نہیں بلکہ حال بھی ہیں اور ہماری نوجوان نسل ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادار کرنے کے قابل ہے۔ معروف شاعر ، صحافی ، ادیب اور استاد ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ یہ بات تو عام ہے کہ قائدین تاریخ بدل دیتے ہیں لیکن قائداعظم جیسے عظیم لیڈر نے جغرافیہ ہی بدل دیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے ساتھ مادر ملت کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے بہن کے تقدس کو روشناس کروایا اور ہمیں ایسی عظیم بہن پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے نوجوانوں کے لئے اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد نہ صرف خوش آئند ہیں بلکہ اس سے نوجوان عملی زندگی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔ یونیک انٹر سکول تقریری مقابلے میں یونیک ہائی سکول فار بوائز65ایل گلبرگ III کے فصیح یونس نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول کی صوفیہ احمد نے دوسری اوریونیک بوائز ہائی سکول ویسٹ ووڈ کے متین احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلے میں ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان کے علاوہ مہمانوں ، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

خلیل سندھو

مزید : میٹروپولیٹن 1