زینب کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے،یاسمین راشد
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحر یک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ زینب کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تا کہ آئندہ کسی کو بھی ایسا شرمناک فعل کرنے کی جرات پیدا نہ ہو، معصوم بچیوں سے زیادتیوں کے حوالے سے سخت قوانین بنائے جائے نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے قصور میں 250بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا ہوتا تو زینب کا قتل نہ ہوتا ، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے پنجاب میں حکومت نام کی چیز نہیں ،پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث سفاک مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دینی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب میں بڑھتے ہوئے واقعات کو روکا جائے اور پولیس اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کر رہی جس کی وجہ سے معاشرے میں جرائم میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوا ہے ، پنجاب کے حکمران کے نام نہاد گڈ گورنس کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ، قصور میں ایک سال کے اندر 12 زیادتی کے واقعات رونما ہونا پنجاب حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
یاسمین راشد