سفیروں ، کمرشل اتاشیوں کو بھی تجارتی پالیسی کی تیاری کے مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے،میاں عثمان
لاہور(پ ر)مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے حکومت کی جانب سے پانچ سالہ تجارتی پالیسی کی تشکیل کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتی عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بیرون ممالک تعینات سفیروں اور کمرشل اتاشیوں کو بھی اس عمل میں شریک کرنے کی تجویز دیدی ۔ٹریڈرز ونگ لاہور کے ڈپٹی پریذیڈنٹ میاں عثمان نے ایک بیان میں کہا کہ تجارتی پالیسی میں بھارت سمیت دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کیلئے پیداواری لاگت میں کمی ،برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے ، عالمی منڈیوں تک رسائی اور خصوصاً بیرون ممالک نمائشوں کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں ۔ تجویز ہے کہ بیرون ممالک تعینات سفیر اور خصوصاً کمرشل اتاشی تجارتی پالیسی کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اس لئے حتمی پالیسی کی تیاری میں سفیروں یا کمرشل اتاشیوں کو بھی شریک کیا جانا چاہیے ۔
بیرون ممالک نمائشوں کیلئے الگ سے فنڈز مختص کئے جائیں اور ان کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔