حکمران ٹیکنیکل کرپشن کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، جمشیدچیمہ

حکمران ٹیکنیکل کرپشن کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، جمشیدچیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ اقتدار کی باریاں لینے والوں کی جانب سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کااعلان مضحکہ خیز ہے ، حکمران ٹیکنیکل بنیادوں پر کرپشن کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے لیکن پانامہ فیصلے کے بعد ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم سوال کرتی ہے کہ شہباز شریف یہ بتا دیں انہوں نے ’’دھیلہ ‘‘کس چیز کا نام رکھا ہوا ہے کیونکہ صوبے کے میگا پراجیکٹس میں تو اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے ۔ شہباز شریف نے گزشتہ سال بھی انتخابی مہم کے دوران یہ کہا تھاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے لیکن پانچ سال گزار دئیے گئے اور اب جب دوبارہ ان کے اقتدار کا خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ تو انہوں نے وہی راگ الاپنا شروع کر دیا ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے ہر دور میں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ فراہم کیا ہے یہ کیسے ایک دوسرے کا احتساب کر سکتے ہیں۔

اب قوم حکمرانوں کا حقیقی معنوں میں احتساب کرے گی اور لوٹی ہوئی دولت بھی واپس لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں بننے والے تمام منصوبے قوم کے سامنے ہیں وہاں کرپشن کا کوئی کیس سامنے آیا نہ ایسی کوئی شکایت ہے جبکہ پنجاب میں شروع کئے گئے منصوبوں میں کرپشن کے حوالے سے مختلف محکموں میں سینکڑوں درخواستیں تفتیش کے مراحل میں ہیں۔