پنجاب حکومت اور برٹش کونسل میں مفاہمت کی دویادداشتوں پر دستخط کل ہوں گے

پنجاب حکومت اور برٹش کونسل میں مفاہمت کی دویادداشتوں پر دستخط کل ہوں گے

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب حکومت اور برٹش کونسل کے مابین 25جنوری کو لندن میں فزیکل ایجوکیشن اورسکلزڈویلپمنٹ سیکٹر میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی دویادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔اس اقدام کا مقصدصوبہ پنجاب میں سکول ایجوکیشن سیکٹراور فنی تعلیم کے معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔اس طرح بین الاقوامی شراکت کے ذریعے دنیا بھر میں رونما ہونے والی تعلیمی تبدیلیوں سے طالبعلموں کو متواتر آگاہی حاصل ہو گی جس سے وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد لندن پہنچ گیا ہے۔وفد میں سیکرٹر ی سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک بھی شامل ہیں۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے ایجوکیشن ورلڈ فورم کے سٹالوں کا دورہ کیا اور مختلف عالمی تنظیموں کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی تعلیمی اصلا حات اور ایجوکیشنل ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کی۔

انہو ں نے مختلف سٹالوں کے دورہ کے موقع پر عالمی اداروں کے نمائندوں کو پنجاب حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے بارے میں بھی بتایا ۔ واضح رہے کہ ایجوکیشن ورلڈ فورم 2018ء میں دنیا بھر سے ماہر ین تعلیم اور سکلزمنسٹرز شرکت کر رہے ہیں۔اس فورم کا انعقاد مختلف برطانوی اداروں کے اشتراک سے کیا گیا ہے جس کا مقصد نظام تعلیم میں کیے گئے تجربات کا جائزہ لیناہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4