اقوام متحدہ نے یمن کے لیے اپنا امن مندوب تبدیل کردیا

اقوام متحدہ نے یمن کے لیے اپنا امن مندوب تبدیل کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ّنیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ نے یمن کے لیے اپنا امن مندوب تبدیل کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق عالمی ادارے نے یمن کے لیے مقرر کردہ خصوصی امن ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کی جگہ برطانوی سفارت کار مارٹن گریویٹ کو نیا مندوب مقرر کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق نو منتخب مندوب مارٹن گریویٹ ایک سرگرم سفارت کار ہیں۔ وہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے تیسرے ایلچی ہیں۔ گریویٹ اس سے قبل برطانوی وزارت خارجہ سے منسلک رہ چکے ہیں مگر سنہ 1994ء سے وہ اقوام متحدہ میں متعدد عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔ عالمی تنازعات کے حل کے لیے انہیں ثالثی کی ذمہ داریاں سونپی جاتی رہی ہیں۔مارٹن گریویٹ یورپی یونین کے امن انسٹیٹیوٹ کیپہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے جنیوا میں ہیومن ڈائیلاگ سینٹر کی بنیاد رکھی اور مختلف تنازعات کے حل کے لیے کامیاب ثالث کا کردار اداکرتے رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے بتایا کہ یمن کے لیے موجودہ امن مندوب اسماعیل ولد الشیخ احمد کی موجودہ ذمہ داری فروری کے آخر میں ختم ہورہی ہے۔ وہ تین سال سے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب کے طورپر کام کرتے آرہے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ یمن کے موجودہ نازک حالات کے تناظر میں کسی ایسی شخصیت کو مندوب مقرر کرنا چاہتی ہے جو خانہ جنگی سے تباہ یمن اور وہاں کے عوام کو مسائل سے نکالنے میں ان کی مدد کرسکے۔

مزید :

عالمی منظر -