الیکشن کمیشن پولنگ ڈے سے قبل ضمنی انتخابات کا فیصلہ کرے : اسلام آباد ہائیکورٹ

الیکشن کمیشن پولنگ ڈے سے قبل ضمنی انتخابات کا فیصلہ کرے : اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ154 میں ضمنی انتخاب کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت کرے اور پولنگ ڈے12فروری سے قبل اس کا فیصلہ کرے،عدالت نے اپنے دفتر کو حکم دیا کہ شاہد اورکزئی کی دائر کردہ رٹ پٹیشن اور حکم التواء کی درخواست فی الفور الیکشن کمیشن کو منتقل کردی جائیں کیونکہ ضمنی انتخاب سے متعلق کوئی بھی فیصلہ صرف الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلے میں لکھا کہ کمیشن درخواست گزار کے ساتھ ضمنی انتخاب کے امیدواروں کو بھی طلب کرے اور رٹ پٹیشن میں اٹھائے گئے تمام تر سوالات کا جواب 12فروری سے قبل سپیکنگ آرڈر کے ذریعے جاری کرے کیونکہ بحیثیت شہری درخواست گزار ضمنی انتخاب کے بارے میں آئینی سوالات اٹھانے کا مجاز ہے،جسٹس کیانی نے فیصلے میں لکھا کہ ضمنی انتخاب پر تمام تر اخراجات پر قومی اسمبلی میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوئی اور درخواست گزار کا یہ خدشہ بجا ہے کہ ضمنی انتخاب کے باوجود اسمبلی کی بقیہ مدت میں مذکورہ حلقے کی بامعنی نمائندگی ممکن نہیں اور اس سے قومی خزانے کو نقصان کا احتمال ہے۔

مزید : علاقائی