صوبائی دارالحکومت میں آتشزدگی کے مختلف واقعات، ایک شخص جاں بحق

صوبائی دارالحکومت میں آتشزدگی کے مختلف واقعات، ایک شخص جاں بحق

لاہور(خبرنگار)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات میں ایک شخص جھلس کر ہلاک جبکہ خاتون زخمی ، لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل ک راکھ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق شمالی چھاؤنی کے علاقہ صدر کینٹ دہلی روڈ پر محمدعادل کے گھر میں گزشتہ رات اچانگ آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جس کے باعث 40 سالہ محمد عادل آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور بری طرح جھلس جانے پر موقع پر ہلاک ہو گیا۔ رات گئے افسوسناک واقعہ پر گھر میں کہرام برپا ہو گیا جبکہ آگ کے باعث ہزاروں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ جبکہ امدادی ٹیموں نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔ پولیس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔ اسی طرح گلشن راوی کے علاقہ اقصیٰ پلی کے قریب ایک گھر میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 40سالہ خاتون رضیہ زوجہ اسلام جھلس کر زخمی ہوگئی۔بھٹہ چوک بیدیاں روڈ پر گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔ ناصر باغ کے قریب گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔بارش کے دوران اقبال ٹاؤن کے علاقہ نجف کالونی،راوی روڈ اور مون مارکیٹ کے قریب ٹرانسفارمرز میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔باغبانپورہ کے علاقہ میں فرسٹ فلور پر موجود دکان میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا تاہم دکان بند ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیو1122 کی ٹیموں نے آتشزدگی کے تمام واقعات میں آگ پر قابو پایا ہے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...