مثبت حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک بحرانوں سے نکل آیا ،رانا محمد افضل

مثبت حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک بحرانوں سے نکل آیا ،رانا محمد افضل

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت سے ترقی اور خوشحالی آئے گی، مثبت اور دانشمندانہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک بحرانوں سے نکل آیا ہے، توانائی بحران، دہشت گردی کے خاتمہ ،امن و امان کی بحالی جیسے اقدامات کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔وزیر مملکت نے یہ بات منگل کو پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی معاشی پالیسیوں سے متعلق 10ویں ششماہی رپورٹ کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ اقتدار میں آئی تو ملک کو کئی چیلنجز درپیش تھے، ملک توانائی بحران کا شکار تھا، امن و امان کی صورتحال خراب تھی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے گھبرا رہے تھے تاہم موجودہ حکومت کی مثبت اور دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملک ان بحرانوں سے نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے توانائی بحران کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں، اب عوام کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اور سیاسی حکومت عوام کو جوابدہ ہوتی ہے، ہر پانچ سال بعد عوام ان کا احتساب کرتے ہیں۔ جمہوریت مستحکم ہونے سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، 2018ء میں انتخابات وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں متعدد توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں، موجودہ حکومت نے بجلی کے کئی منصوبے بروقت مکمل کئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر