حکومت ملکی ترقی کیلئے مؤثر و منظم اقدامات اٹھا رہی ہے،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں میکرو اکنامک استحکام اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے مؤثر و منظم اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومتی اقدامات کے باعث برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندہ مسٹر ٹوخر این مرزوف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں میکرو اکنامکس صورتحال سمیت مستقبل کے معاشی اہداف سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں میکرو اکنامک استحکام اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے مؤثر و منظم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ موجودہ اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ معاشی سرگرمیاں حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جس سے تجارتی خسارہ میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران معیشت کی ترقی و بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے مستقبل میں پاکستان کیلئے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔