اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کیس، الجھن پیدا کرنیوالا حکم نہیں چاہتے: سپریم کورٹ

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کیس، الجھن پیدا کرنیوالا حکم نہیں چاہتے: ...

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے ایساحکم نہیں دینا چاہتے جو بہتری کی بجائے الجھن پیدا کرے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت ڈائریکٹر جنرل پرا جیکٹس نادرا، سیکرٹری الیکشن کمیشن پاکستان بابر یعقوب فتح محمد اور پاکستان تحریک انصاف کے وکیل انور منصور پیش ہوئے۔خیال رہے بیر و ن ملک مقیم مختلف پاکستانیوں اور پی ٹی آئی کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست دائر کی گئی ہیں ۔ سما عت کے دوران وکیل انور منصور نے کہا سمندر پار پاکستانیوں کو موبائل اور کمپیوٹر کے ذریعے ووٹ کی سہولت دی جاسکتی ہے،جس پر سیکر یٹر ی الیکشن کمیشن نے کہا سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینا ہی ہمارے لیے خوشی کی بات ہے، دسمبر 2017 میں ہمارے پاس یہ تجا و یز آئیں تھیں، نادرا نے ان تجاویز پر عمل کیلئے 4 ماہ کا وقت مانگا تھا۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لودھراں کے ضمنی انتخات آنیوا لے ہیں، ان انتخات میں اس طریقہ کار کو کیوں نہیں اپناتے، ضمنی الیکشن میں طریقہ کار کے استعمال کا مقصد نتائج کا جائزہ لینا ہے۔چیف جسٹس نے ڈی جی پراجیکٹس نادرا سے استفسار کیا بتائیں گھر بیٹھ کر ووٹ دینا کس حد تک محفوظ ہوگا جس پر ڈی جی پراجیکٹس نادر نے بتایا اس کیلئے باقاعدہ سسٹم بنانا ہوگا جبکہ الیکشن کمیشن سے اجازت کے بعد 4 ماہ کا وقت درکار ہوگا، فوری طور پر ضمنی انتخابات میں سسٹم کا استعمال ممکن نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے یہی تو ٹیسٹ ہے جہاں نادرا نے اپنی کارکردگی دکھانی ہے،اگر سافٹ ویئر بنانے میں 4 ماہ لگتے ہیں تو پھر میں ناں ہی سمجھوں۔جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر کوئی شبہ نہیں، نادرا کو ڈیمو دینے کے بجائے سافٹ ویئر بنانا ہوگا۔ عدالت میں آج بڑے بڑے لوگ بیٹھے ہیں، ان کے فرائض میں بھی یہ شامل تھا، میرے خیال میں اس پراجیکٹ کیلئے 100 کروڑ روپے کا خرچہ ہوگا،جس پر ڈی جی پراجیکٹس نادرا کا کہنا تھا سافٹ ویئر تشکیل دینے پر 150 کروڑ روپے کا خرچہ ہوگا۔بعد ازاں عدالت نے بدھ 24 جنوری کو نادرا کو پریزنٹیشن دینے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی کی درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...