سرکاری ملازمین کا بجٹ میں 100فیصد تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ

سرکاری ملازمین کا بجٹ میں 100فیصد تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ

لاہور(لیاقت کھرل)صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین نے آئندہ بجٹ میں تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ اور ایڈہاک الاؤنس 2016-2017ء کو بنیادی سکیلز میں ضم کرکے ملک بھر میں تنخواہوں میں ساڑھے سات فیصد پایا جانے والا فرق ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں موجودہ مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کیا گیا تو ملازمین وفاقی بجٹ کو مسترد اور ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ایپکا کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب پر تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کسی بھی صورت قبول نہیں ہو گا۔مہنگائی میں 200فیصد اضافے نے سرکاری ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے لیکن اس کے برعکس حکومت تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کرکے خاموش کروا دیتی ہے جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ نہ کیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ایپکا کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محمد یونس بھٹی نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں حکومت پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دیگر صوبوں کی نسبت گزشتہ پانچ سال سے پایا جانے والا ساڑھے سات فیصد فرق کو ختم کیا جائے جبکہ اس سلسلہ میں ملازمین گذشتہ 5برسوں سے سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔ اس کے باجود بیوروکریسی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کو یوٹیلٹی اور ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جارہا ہے جبکہ صوبے کے دیگر ملازمین کو کئی برسوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کی طرح صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنٹس اور ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے۔ ایپکا لاہور ڈویژن کے صدر لالہ محمد اسلم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں پورے ملک میں ملازمین کیلئے ایک ہی بنیادی سکیل لاگو کیا جائے۔چودھری ابوھریرہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے ملازمین کو بھی گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ پر دئیے جانے کا اعلان کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوٰۃ کے ملازمین کی مستقلی کیلئے متعد بار حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے مگر حکومت نے متعدد بار یقین دہانی کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ ایپکا کے مرکزی رہنماؤں فضل داد گجر اور فخرزماں اظہر نے کہا کہ حکومت بجٹ کی تیار ی میں ملازمین کی نمائندہ تنظیم سے مشاورت کرے۔

سرکاری ملازمین

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...