آزاد کشمیر کا بینہ کا اجلاس، لوکل گورنمنٹ ایکٹ ، ختم نبوت رسالت کیلئے قانون سازی کی منظوری

آزاد کشمیر کا بینہ کا اجلاس، لوکل گورنمنٹ ایکٹ ، ختم نبوت رسالت کیلئے قانون ...

مظفرآباد( بیورورپورٹ )آزاد جموں وکشمیر کابینہ نے خطہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990میں ترمیم اور آزادکشمیر میں پاکستان کی طرز پر ختم نبوت ﷺاور ناموس رسالت ﷺکے لیے قانون سازی کی منظوری دے دی ہے ختم نبوت ﷺسے متعلق جو قوانین پاکستان میں رائج ہیں انہیں من و عن آزادکشمیر میں نافذ کیا جائے گا کابینہ اجلاس میں سرکاری اراضی ڈی ایوارڈ کیے جانے سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر قانون و پارلیمانی امور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ پونچھ میں سرکاری اراضی چائے کی کاشت کے لیے لیز پر دیئے جانے سے متعلق وزیر مال سردار فاروق سکندر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے گی آزادکشمیر کابینہ کا جالاس گزشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں اراکین کابینہ راجہ نثار احمد خان ،چوہدری محمد عزیز ،محترمہ نورین عارف ،سردار میر اکبر ،ڈاکٹر نجیب نقی ،شوکت شاہ ،فاروق سکندر ،مشتاق منہاس ،ناصر حسین ڈار ،چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر ،سیکرٹری مالیات فرید تارڑ ،اے سی ایس ترقیات ،اے سی ایس جنرل ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،سیکرٹری سروسز ،پرنسپل سیکرٹری ،سیکرٹری قانون ،سیکرٹری اطلاعات و دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ سینئر وزیر چوہدری محمد سعید کی رخصت کی منظوری دی گئی وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے کابینہ اجلاس میں سینئر مشیر سردار خان بہادر خان اور چیئرمین معائنہ و عملدرآمد کمشن کرنل ریٹائرڈ وقار نور نے بھی شرکت کی کابینہ اجلاس میں سرکاری اراضی ڈی ایوارڈ کیے جانے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزیر قانون راجہ نثار احمد خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے کمیٹی مفصل رپورٹ پیش کرے گی جبکہ پونچھ میں سرکاری اراضی پر چائے کی کاشت کے لیے زمین لیز پر دیے جانے کے لیے وزیر مال سردار فاروق سکندر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کمیٹی میں وزیر جنگلات سردار میر اکبر ،سینئر مشیر حکومت سردار خان بہادر خان ،ممبر اسمبلی یاسین گلشن ،سیکرٹری قانون ،سیکرٹری جنگلات اور سیکرٹری زراعت شامل ہیں کمیٹی 1ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے گی کابینہ اجلاس میں آزادکشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی ترمیم کے تحت الیکشن کمشنر بلدیات کے بجائے چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی نگرانی میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے اور الیکشن کمشنر بلدیات معہ عملہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمشن میں ضم کیے جائیں گے اور تمام تر اختیارات چیف الیکشن کمشنر کے پاس ہوں گے بلدیاتی انتخابات کے لیے ریٹرنگ آفیسران کی تعیناتی ،ووٹر فہرستوں کی تیاری سمیت جملہ امور چیف الیکشن کمشنر کو تفویض کیے گئے ہیں اس موقع پر سیکرٹری مالیات نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمشنر بلدیات کی طرف سے 13جنوری کو محکمہ مالیات کو سمری اراسل کی گئی جس میں 1.2ملین روپے طلب کیے گئے یہ رقم فوری طور پر الیکشن کمشنر بلدیات کو ریلیز کی گئی الیکشن کمشنر بلدیات اور عملہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمشن میں ضم کیے جانے کے بعد انتظامی اخراجات میں کمی آئے گی آزاد کشمیر کابینہ کے اجلاس میں ختم نبوت ﷺسے متعلق پاکستان میں نافذ قوانین کو من و عن آزادکشمیر میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی ہے سیکرٹری قانون نے ختم نبوت ﷺسے متعلق قانون سازی بارے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی ختم نبوت ﷺسے متعلق قانون سازی کے بعد صدر ،وزیر اعظم ،وزراء ،ممبران اسمبلی کے حلف ناموں میں بھی ترمیم ہو گی عبوری آئین میں ترمیم ہونے کے بعد انتخابی قوانین میں بھی ترمیم کی جائے گی واضح رہے آزادکشمیر میں ختم نبوت ﷺاور تحفظ ناموس رسالت ﷺسے متعلق لیگی اراکین اسمبلی سید علی رضا بخاری اور راجہ محمد صدیق کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں قراردادیں بھی پیش کی گئی تھیں جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی تھیں ۔کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ختم نبوت ﷺاور تحفظ ناموس رسالت ﷺسے متعلق قانون سازی موجودہ ایوان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہو گا ختم نبوت ﷺسے متعلق پاکستان میں نافذ قوانین کو آزادکشمیر میں من و عن رائج کیا جائے گا صدر ،وزیراعظم ،وزراء اور اراکین اسمبلی کے حلف ناموں میں ختم نبوت ﷺکے حوالے سے تفصیل کے ساتھ الفاظ شامل کیے جائیں گے مسلمان کی تعریف میں ختم نبوت ﷺ پر مکمل ایمان کی شق تفصیل کے ساتھ درج ہو گی اور غیر مسلم کی تعریف بھی ختم نبوتﷺکو مد نظر رکھ کر وضاحت کے ساتھ شامل کی جائے گی ختم نبوت ﷺسے متعلق آئین میں فوری ترامیم کی جائیں گی اور اس کے بعد انتخابی قوانین میں ترامیم ہوں گی آزادکشمیر کے اندر ختم نبوتﷺاور تحفظ ناموس رسالتﷺ کی روح کے مطابق قانون سازی کی جائے گی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے حکومت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گی الیکشن کمشنر بلدیات کے بجائے چیف الیکشن کمشنر کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کابینہ نے کیا اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990میں ترمیم کی جا رہی ہے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں حکومت چیف الیکشن کمشنر سے بھرپور تعاون کرے گی اور چیف الیکشن کمشنر کو جملہ وسائل مہیا کیے جائیں گے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ووٹر فہرستوں کی تیاری میں نادرا سے تعاون حاصل کیا جائے گا نادرا سے روابط کے لیے چیف سیکرٹری کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ہیں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق ووٹر فہرستیں اور حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی آئینی ترمیم کے بعد بلدیاتی انتخابات چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ہو گی اور حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر وسائل مہیا کرے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول