پارا چنار ،بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع
پاراچنار(نمائندہ پاکستان)پاراچنار میں قبائل نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور تین تین روز بجلی بند کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں لوگوں نے واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے پاراچنار شہر میں واپڈا کے خلاف نکالے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عاشق حسین ڈیڈی ، سماجی رہنما سید وحید حسین اور دیگر عمائدین نے کہا کہ اس سے پہلے پاراچنار میں بائیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی جس کی وجہ سے معمولاتِ زندگی بری طرح سے متاثر ہوگئی تھی اب مسلسل تین تین روز بجلی بند کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں مظاہرین کے مختلف گروہ واپڈا کے دفتر پہنچے اور واپڈا حکام کے خلاف نعرہ بازی کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عمائدین نے کہا کہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو واپڈا کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کریں گے