گورنر گولڈ کپ بہترین کھلاڑی مہیا کرے گا ،پی اے خالد محمود

گورنر گولڈ کپ بہترین کھلاڑی مہیا کرے گا ،پی اے خالد محمود

پشاور(سپورٹس رپورٹر)پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی خالد محمود نے کہا ہے کہ گورنر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد لائق ستائش ہے اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے منعقد ہونے والا یہ منفرد اہمیت کا ٹورنامنٹ مستقبل میں بھی ملک و قوم کے لئے بہترین کھلاڑی مہیا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 24 ویں گورنر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لوگو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا جو یہاں قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ڈائریکٹر سپورٹس اپریشنز ثقلین شاہ، انتظامی کمیٹی کے چئیرمین سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر زاکر شاہ، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر خان اور سیکرٹری حنیف شاہ، انتظامی کمیٹی کے سیکرٹری فریداللہ اورایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل اور ٹورنامنٹ کے بانی امجد عزیز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔خالد محمود نے کہا کہ صوبے اور قبائلی علاقوں میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں خاص طور پر قبائلی کھلاڑی قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیموں تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ گورنر گولڈ کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑی بھی قومی سطح کی ٹیموں میں جگہ بنائیں گے۔پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی خالد محمود کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا منتظمین کی ذمہ داری ہے اور گورنر گولڈ کپ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی شرکت کے باعث صوبے کا اہم ترین ٹورنامنٹ بن گیا ہے۔قبل ازیں انہوں نے باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ کے لئے بنائے جانے والے لوگو کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر انتظامی کمیٹی کے چئیرمین سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر زاکر شاہ نے بتایا کہ گولڈ کپ کی انعامی رقم میں تین سو فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے فاتح ٹیم کو تین لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو دو لاکھ روپے کے علاوہ ٹرافیاں بھی دی جائیں گی۔ کھلاڑیوں کو روایات کے مطابق گولڈ میڈلز اور سلور میڈلز بھی پہنائے جائیں گے۔ پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر خان نے بتایا کہ مقابلوں کا باضابطہ افتتاح 4 فروری کو باجوڑ ایجنسی اور مہمند ایجنسی کے درمیان میچ سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے راؤنڈ میں قبائلی ٹیمون کے درمیان میچز ہوں گے جبکہ دوسرے راؤنڈ میں خیبر پختون خوا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گے۔ بعدازاں ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل اور ٹورنامنٹ کے بانی امجد عزیز ملک نے پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...