پیپلز پارٹی آزاکشمیرعوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے،مشتاق منہاس

پیپلز پارٹی آزاکشمیرعوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے،مشتاق منہاس

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے دوہرے ٹیکس کی بدولت ہی تعلیمی پیکج نافذ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی اس وقت کی کابینہ نے باقاعدہ اس کی منظوری بھی دی تھی ۔ مسلم لیگ ن نے اس وقت بھی اس کی بھرپور مخالفت کی تھی۔ پیپلز پارٹی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر حقائق کو جھٹلا نہیں سکتی، سابق وزیر اعظم عوام کو حقیقت سے آگا ہ کریں ۔اپنے آفس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ،نواز شریف کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ عناصر آج ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں لیکن جمہوریت مخالف تمام قوتیں ملکر بھی آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو شکست نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی مقبولیت اس وقت2013سے کہیں زیادہ ہے ، موجودہ ہونے والے مسلم لیگ ن کے جلسے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے راجہ فاروق حیدرخان کی قیادت میں انتہائی کم عرصہ میں اصلاحات کر دی ہیں اور ریاستی مشینری کو صحیح سمت پر گامز ن کر دیا ہے ۔ آج حقدار کو اس کا حق اس کی دہلیز پر مل رہا ہے ، آج پبلک سروس کمیشن پر کسی کا اختیار نہیں اور این ٹی ایس کی بدولت میرٹ پر اساتذہ بھرتی ہورہے ہیں۔ فری ایمرجنسی سروسز کی بدولت ہر روز ہزاروں لوگ اپنا فری چیک اپ کروا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر نئی ترقیاتی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ عوام کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کرنے پر قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں ، آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا ہو نے کیوجہ سے خطہ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر 2018میں بھی دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی اور ملک میں سیاسی افراتفری پیدا کرنے والے نامراد رہیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر