آزادکشمیر بھر میں ٹریفک قوانین سے آگاہی بارے مہم کاآغاز

آزادکشمیر بھر میں ٹریفک قوانین سے آگاہی بارے مہم کاآغاز

مظفرآباد (بیورورپورٹ) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک نے ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے آزاد کشمیر بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔ ایس ایس پی ٹریفک محمد موسیٰ خان نے عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہی کی نسبت شعور اجاگر کرنے کی خاطر خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر میں ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے مناسب ہدایات جاری کی ہیں اس خصوصی ٹیم میں سردار ظہیر احمد ڈی ایس پی ٹریفک ، راجہ کرامت اللہ ڈی ایس پی ٹریفک ‘ راجہ امجد حسین ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر مظفرآباد ، رضوان ریاض ڈار سٹی ٹریفک انسپکٹر مظفرآباد ، ملک محمد ارشاد ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر باغ ، فیاض سرور ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر راولاکوٹ، محمد اسحاق ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر سدھنوتی ، محمد الیاس ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر کوٹلی ، شیخ عبدالرحمان ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر میرپور ، محمد شبیر ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر بھمبر شامل ہیں ۔ یہ ٹیمیں آزاد کشمیر بھر میں کالجز / یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی کے فوائد سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کرینگی ۔ لیکچررز میں طلباء کو موٹر سائیکل پر ہیلمٹ کا استعمال اور ون ویلنگ سے اجتاب سے متعلق فوائد / نقصانات سے آگاہ کیا جائیگا۔ جہاں ایس ایس پی ٹریفک خود بھی لیکچرز دینگے ۔ اس کے علاوہ پہلے سے قائم شدہ موبائل ایجوکیشن یونٹ مختلف اڈہ جات میں جا کر پبلک سروس ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوران کو ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالہ سے بھی بریف کریگاتاکہ پبلک سروس ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور ان اوورلوڈنگ اور تیز رفتاری جیسی جان لیوا خلاف ورزیوں سے اجتناب کریں اور بروقت اپنی گاڑیوں کی فٹنس بھی مکمل کروائیں ۔ ان خصوصی اقدامات /مہم کا مقصد بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی لانا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کو ممکن بنانا ہے ۔ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے عوام الناس کی آگاہی کیلئے بڑی تعداد میں بروشرز / پمفلٹس کی تقسیم کا عمل بھی شروع کیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر