پیرچناسی روڈ،ریسکیو15کے پولیس اہلکار عوام کو لوٹنے لگے

پیرچناسی روڈ،ریسکیو15کے پولیس اہلکار عوام کو لوٹنے لگے

مظفرآباد (بیورورپورٹ) مظفرآباد پولیس کے انوکھے کارنامے ‘ عوام کی جان و مال کے محافظ ہی عوام کو لوٹنے لگے ‘ پیرچناسی روڈ پر ریسکیو 15 کی جانب سے تعینات کئے گئے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکاروں نے لوگوں کو لوٹنا شروع کردیا۔ مشکوک افراد کی چیکنگ کرنے کے بجائے شریف فیملیوں کو تنگ کرنا وطیرہ بنا لیا۔ میاں بیوی ، بہن بھائی کو بھی معافی نہیں ۔ اگر کوئی پریمی جوڑا بھی جو دارلحکومت سے گھومنے کیلئے پیرچناسی کا رخ کرتے ہیں تو پکڑ انہیں موقع پر ہی مک مکا کرلیا جاتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض پولیس اہلکار پریمی جوڑوں کو پکڑ کر خود ان سے غلط حرکتیں اور بلیک میل کرتے ہیں ۔ دارلحکومت کے شہریوں اور عوام علاقہ نے آئی جی آزاد کشمیر ، ڈی جی آزاد کشمیر سے پیرچناسی روڈ پر تعینات موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رشتہ داروں سے ملنے یا پھر پیر چناسی سیر پر جانے کیلئے اپنی فیملیوں کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر یا گاڑیوں پر جاتے ہیں تو انتظامیہ کی جانب سے پیرچناسی روڈ پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار روک کر ہمیں تنگ کرتے اور مک مکا کی باتیں کرتے ہیں ۔ پریمی جوڑے تو پولیس نے گزشتہ عرصہ میں کئی پکڑے مگر آج تک کوئی کیس فائل نہیں کیا گیا ۔ پریمی جوڑوں سے بھی نقد ، کیش کی صورت میں موقع پر ہی مک مکا کیا جاتا ہے اور خواتین سے بدتمیزی بھی کی جاتی ہے ۔ دارلحکومت کے شہریوں بالخصوص فیملیوں کے ہمراہ پیرچناسی جانیوالوں نے آئی جی آزاد کشمیر سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر