ایڈمنسٹریٹر بحالی، مظفرآباد پہنچنے پر اعظم رسول کا امبور کے مقام پر شاندار استقبال

ایڈمنسٹریٹر بحالی، مظفرآباد پہنچنے پر اعظم رسول کا امبور کے مقام پر شاندار ...

مظفرآباد(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ سے ایڈ منسٹریٹرز کی بحالی ،میرپورسے مظفرآباد پہنچنے پر اعظم رسول کا امبور کے مقام پر شاندار استقبال، پھولوں کی منوں پتیاں نچھاور کی گئیں، فضاء مسلم لیگ ن فاروق حیدر اور افتخار گیلانی کے نعروں سے گونج اٹھی، ن لیگ کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر اعظم، وزیر تعلیم، جملہ قائدین و کارکنان کا شکر گزار ہوں اعظم رسول ،راجہ انصر،فواد خان،زاہد القمر، ارم قریشی کا خطاب،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے بحالی کے بعد ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول جب میرپور سے مظفرآباد پہنچیں تو امبور کے مقام پر مسلم لیگ ن ،یوتھ ونگ، طلبہ تنظیموں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ایک بڑے جلوس کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن کے دفتر پہنچایا گیا، جلوس دارلحکومت کی مختلف شاہراؤں جن میں چھتر ،دومیل، گھڑی پن، اولڈ سیکرٹریٹ ، ٹانگہ اسٹینڈ، بنک روڈ، سپر مارکیٹ میں تاجروں اور شہریوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول زاہد القمر خان، فواد خان، راجہ انصر خان، رشید اعوان، غنی خٹک، ارم قریشی، ناصر شاہ، وسیم اعوان، مبشر اعوان، عقیل ،سجاد سلہریا، وقاص کھوکھر، خرم سواتی، ممتاز سواتی، قاضی عتیق، واصف نصیر شیخ و دیگر نے کہا کہ مخالفین کو مسلم لیگ ن کی تعمیر و ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ ن لیگ 2018 کے الیکشن میں بھی پاکستان میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ مسلم لیگ ن عوامی خدمت کا منشور لے کر میدان میں آئی ہوئی ہے یہ سلسلہ ہم جاری و ساری رکھیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان، وزیر تعلیم افتخار گیلانی، جو اعتماد اکا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور مظفرآباد شہر کو شایان شان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اعظم رسول نے مزید کہا ہے کہ مظفرآباد کے شہریوں اور تاجروں نے جس محبت کا اظہار کیا اس کا ہمیشہ مقروض رہوں گا ان کا پیار ہی میری اہمیت ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر