بین المذاہب ہم آہنگی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ، گورنر سندھ

بین المذاہب ہم آہنگی تعمیر و ترقی کے لئے ضروری ، گورنر سندھ

کراچی ( این این آئی)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ معاشرہ میں موجود برائیوں ، خامیوں اور مسائل کی نشاندہی اور ان کے ممکنہ حل تجویز کرنے کے ضمن میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے 7 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا جس نے کلب کے صدر مبشر میر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کے اراکین میں نائب صدر مختار عاقل، جنرل سیکریٹری منظر نقوی، سیکریٹری فنانس جاوید محمود، اراکین ایگزیکٹیو کونسل ، آغا مسعود، مختار بٹ اور الوینہ آغا شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ریاست کا چوتھا ستون ہونے کے ناطے میڈیا پر غیر جانبدارانہ طور پر صرف اور صرف حقائق عوام کے سامنے لانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس ضمن میں میڈیا ہاؤسز کو اپنے اوپر عائد ہونے والے قواعد و ضوابط کی پاسداری بھی کرنا چاہئیے۔ دریں اثنا ء گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ، ہم سب کو پاکستانیت کی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا تاکہ ملک کو تیز رفتار ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کیا جاسکے کیونکہ یہی بابائے قوم کی تعلیمات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریورنڈ جان قادر کی سربراہی میں ایک 13 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بابائے قوم قائداعظم کی 11 اگست 1947 کی تقریر ہمارا منشور اور آگے بڑھنے کی پالیسی دستاویز ہونا چاہئے، انہوں نے اس تقریر میں ملک کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق دینے اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی بات کی تھی۔

گورنر سندھ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...