نادرا عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہا ہے ،حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نادرا کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور شناختی کارڈ کے حصول میں شہریو ں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ضلعی امراء کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی صدارت میں ادارہ نور حق میں ہوا ۔اجلاس میں شناختی کارڈ کے حصول میں شہریوں کو پیش آنے والے مسائل کے ازالے کے لیے اب تک ہو نے والے دھر نوں کا جائزہ لیا گیا اور بروز ہفتہ 27جنوری کو حسن اسکوائر پر ہو نے والے احتجاجی دھر نے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں طے کیا گیا کہ 27جنوری کو دھر نے سے قبل 25اور 26جنوری کو شہر کے اہم پبلک مقامات اور شاہراہوں پر کیمپس لگائے جائیں گے ۔عوام سے رابطہ کیا جائے گا ۔شکایات وصول کی جائیں گی اور بڑے پیمانے پر عوام سے رابطہ کیا جائے گا ۔اجلاس میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری عبد الوہاب ،ضلعی امراء یونس بارائی ،منعم ظفر خان ،عبد الجمیل ،عبد الرشید اور عبد الرزاق خان کے علاوہ دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کر نے والے ادارے عوام کوسہولت فراہم کر نے کے بجائے اپنی نا اہلی اور نا قص پالیسی کی وجہ سے عوامی مسائل و مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔آج کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جائے ۔واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کے ساتھ ساتھ اب نادرا بھی عوام کے لیے عذاب بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر جب عوام اپنے حق کے لیے نادرا کے آفس جاتے ہیں تو ان کے ساتھ تضحیک آمیز سلوک کیا جا تا ہے ۔پختون ،بہاری اور بنگلہ زبان بولنے والوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا تاہے ۔نادرا کے دفاتر کرپشن اور رشوت کا گڑھ بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے ۔ہم عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔نادرا کے اہلکاروں کو اپنا قبلہ درست کر نا پڑے گا ۔ہم نے نادرا کے خلاف جس دھر نے کا آغاز کیا ہے عوام کے تعاون سے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ محب وطن شہریوں سے چالیس ،پچاس سال پرانی دستاویزات طلب کر نا سراسر ظلم و نا انصافی ہے ۔عوام اس ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 27جنوری کو نادرا کے خلاف حسن اسکوائر پر زبردست احتجاجی دھر نا دیا جائے گا ۔ہم عوامی دباؤ کے ذریعے نادرا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نادرا کے خلاف پورے شہر میں شکایتی کیمپس قائم کر دیئے ہیں اور جماعت اسلامی کے کارکنان بڑے پیمانے پر رابطہ کر رہے ہیں ۔25جنوری کو چاکیواڑہ لیاری میں نادرا آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔