اقوام متحدہ کے سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد ،لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو حافظ سعید کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا

اقوام متحدہ کے سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد ،لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو ...
اقوام متحدہ کے سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد ،لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو حافظ سعید کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائی کورٹ نے اقوام متحدہ وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر جماعةالدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اوریہ بھی کہا گیا ہے کہ حافظ محمد سعید کو گرفتار یا نظربند نہ کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس امین الدین خاں نے جماعۃ الدعوۃ  کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کی طرف سے دائر کردہ کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مارچ تک جواب طلب کیا ہے اور تاحکم ثانی حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کیخلاف کاروائی سے روک دیاگیا ہے۔واضح رہے کہ 28جنوری کو اقوام متحدہ ٹیم کی پاکستان آمد کے موقع پرحافظ محمد سعید کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ اور ایف آئی ایف کیخلاف کارروائی اور اپنی ممکنہ گرفتاری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ معروف قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کردہ رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارت و امریکہ کے دباﺅ پر حکومت پاکستان درخواست گزاراور ان کی تنظیم کیخلاف کاروائی کرنا چاہتی ہے اس لئے حکومت کو بھارتی و امریکی دباﺅ پر جماعۃ الدعوۃ  اور فلاح انسانیت فاؤ نڈیشن کیخلاف کسی قسم کی کاروائی اور ان کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔ رٹ پٹیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی جماعۃالدعوۃ  کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کو محض بیرونی دباؤ  پر نظربند رکھا گیا لیکن حکومت ان کیخلاف عدالتوں میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی اب بھی جب اقوام متحدہ کی ٹیم پاکستان آرہی ہے تو جماعۃ الدعوۃ ، ایف آئی ایف اور حافظ محمد سعید کیخلاف کارروائی کی باتیں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکہ نے حال ہی میں پاکستان سے دوبارہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ حافظ محمد سعید کو گرفتار کرے جبکہ حکومت کی جانب سے بھی جماعةالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤ نڈیشن کے اثاثے ضبط کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

مزید : قومی