فلم ’’پدماوت‘‘ پر کوئی پابندی نہیں لگے گی: بھارتی سپریم کورٹ
ممبئی(آئی این پی) سپریم کورٹ نے بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور راجستھان کی حکومتوں کی جانب سے فلم ’’پدماوت‘‘ پر پابندی عائد کی جانے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ فلم پر کوئی پابندی نہیں لگے گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی تاریخ کی متنازعہ ترین فلم ’’پدماوت‘‘ تمام تر رکاوٹوں اور دھمکیوں کے بعد کل بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی ،تاہم گزشتہ روز بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور راجستھان کی حکومتوں نے سپریم کورٹ میں فلم کی 25 جنوری کو ریلیز رکوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ’’پدماوت‘‘ اپنے مقررہ وقت پر ہی ریلیز ہو گی اور تمام ریاستوں کو اس حکم کی تعمیل کرنی ہو گی۔