سانحہ ساہیوال پر حکومت نے اپوزیشن کے تین مطالبا ت تسلیم کرلئے :عندلیب عباس
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہاہے کہ سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن کے تین مطالبا ت حکومت نے تسلیم کرلے ہیں ،سانحہ ساہیوال کادفاع نہیں کروں گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “میں گفتگو کرتے ہوئے عندلیب عباس نے کہا کہ میں سانحہ ساہیوال کادفاع نہیں کروں گی، اس واقعہ میں اس خاندان کے ساتھ ظلم ہواہے ، جے آئی ٹی کی مکمل رپورٹ آنے تک کوئی بیان نہیں دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سوسال سے پولیس اصلاحات نہیں ہوئیں ، پولیس ڈیپارٹمنٹ کو 70سال سے ایک عادت پڑی ہوئی ہے ، کے پی میں پولیس اصلاحات میں دوسال لگے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آج مضحکہ خیز بات کررہے تھے ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو چار سال ہوگئے ہیں لیکن کچھ نہیں ہوا ، ہم نے تین دن میں سی ٹی ڈی کے سربراہ اوردیگر لوگوں کوہٹا دیاہے ،اس معاملے پر جوبھی اپوزیشن کہے گی ، وہ کیا جائے گا ، اپوزیشن نے جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے تین مطالبے کئے ہیں اور تینوں ہم نے مان لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی میں یہ آیا کہ عمران خان نے یہ حکم دیا تھا کہ گاڑی کوروکو اور اس میں موجو دافراد پر فائرنگ کروتو پھر عمران کااستعفیٰ دینا بنتا ہے ۔