جعلی ادویات کیس،ملزم سلمان جمشید کی درخواست ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار)چیئرمین ڈرگ کورٹ نے جعلی ادویات بنانے والے فیکٹری مالک ملزم سلمان جمشید کی درخواست ضمانت خارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے ،اتنی بڑی تعداد میں ایسی ادویات کا پکڑا جانا کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
،حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ڈرگ کورٹ نے کیس کی سماعت شروع کی تو ملزم سلمان جمشید کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس پرلگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ،عدالت ضمانت منظور کرے ،نجی کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا ملزم سلمان جمشید نے شاہ جمال میں جعلی ادویات کی فیکٹری لگا رکھی تھی ،ملزم ہماری کمپنی کا نام استعمال کرکے جعلی ادویات بنا رہا تھا ،ڈرگ انسپکٹر نے ہماری نشاندہی پر جعلی فیکٹری پر چھاپہ مارا ،ڈرگ انسپکٹر ثنا اللہ سیف نے عدالت میں تحریری رپورٹ جمع کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اطلاع پر فیکٹری پر چھاپہ مار کر ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑا ،عدالت میں پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم کی فیکٹری سے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات پکڑی گئی ہیں،ملزم اپنے نیٹ ورک کے ذریعے جعلی اور بغیر رجسٹرڈ وٹامن اے ،ڈی اورتھری سمیت جان بچانے والی ادویات غیر قانونی طور پر مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا جس پر عدالت نے ریمارکس دیے انسانی جانوں کا معاملہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،عدالت نے مذکورہ بالا ریمارکس کے ساتھ ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔