سپریم کورٹ نے 8 سال بعد زیادتی کیس کے ملزم کو بری کر دیا ، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے انتہائی شاندار ریمارکس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ نے زیادتی کیس کے ملزم کو 8 سال کے بعد بری کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سرگودھا کی لڑکی سے مبینہ زیادتی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ حمیرہ یاسمین نامی درخواست گزارخاتون نے موقف اختیارکیا کہ ملزم ندیم مسعود میرے ساتھ زیادتی کرتا رہا جس سے میں حاملہ ہوگئی، میری بیٹی اب 8 سال کی ہوچکی ہے۔ خاتون کے باپ نے عدالت سے استدعا کی ملزم اثرورسوخ کا حامل شخص ہے، میں عدالت سے انصاف چاہتا ہوں۔ جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آج کل انصاف وہی ہے جو مرضی کا ہو، خلاف فیصلہ آجائے توانصاف نہیں ہوتا۔
فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے ملزم ندیم مسعود کو 8 سال بعد مقدمے سے بری کردیا، عدالت نے قراردیا کہ استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا، لڑکی زیادتی کے وقت بالغ تھی، یہ زنا باالرضاءکا کیس ہے، لڑکی نے 7 مہینے تک کسی رپورٹ کا اندراج نہیں کرایا۔ جب لوگوں نے خاتون کو دیکھ لیا تب اس نے زیادتی کا الزام لگا دیا۔