سندھ کے صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کی تعریفیں کردیں
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کے صوبائی وزیرناصرحسین شاہ منی بجٹ کے معترف ہوگئے، حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے اس بجٹ میں کاروباری حضرات کو ریلیف دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرناصرحسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تجاوزات سے متعلق عدالتی احکامات پرعمل کررہے ہیں، جوغلط الاٹمنٹ ہوئی ہیں ملوث افراد کو سزائیں دی جارہی ہیں، فوادچوہدری صرف باتیں کرتے ہیں اور باتیں کرکے توجہ دوسری جانب لے جاتے ہیں۔
ساہیوال واقعے کے حوالے سے ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال پرپنجاب حکومت کی جانب سے متنازع بیانات آئے، کبھی کہامعصوم ہیں کبھی کہا دہشت گردتھے، جے آئی ٹی رپورٹ کوبھی متنازع کردیاگیاہے، وزیراعظم کوسانحہ ساہیوال پرجوڈیشل کمیشن کی طرف جاناچاہیے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس جے آئی ٹی من گھڑت تھی، پی پی کو ٹارگٹ کیاگیا، جے آئی ٹی میں صرف پیپلز پارٹی قیادت کونشانہ بنایاگیا، عدالت نے کہا جے آئی ٹی میں بلاول بھٹوکانام غلط تھا، عدالت کی طرف سے جو فیصلہ آیا وہ مختلف تھا، جج صاحب سے پوچھ سکتے ہیں کہ سرآپ پرکیا دباؤ تھاجو فیصلہ مختلف تھا۔
حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے سندھ کےصوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں کچھ بہترچیزیں بھی دی گئی ہیں ، پی ٹی آئی نے اس بجٹ میں کاروباری حضرات کو ریلیف دیا۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ بلدیاتی ترامیم اپوزیشن کی مشاورت سے لائی گئی، احتجاج انہوں نے کیاجن کاایک بھی میئراورناظم نہیں، عدالتی احکامات سے کئی کاموں میں رکاوٹیں آتی ہیں۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کےلئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں، پی ایس ایل کافائنل انشااللہ کراچی میں ہوگا۔
ناصرحسین شاہ نے کہا سندھ حکومت نے جنگلات کی زمین کی کسی کوالاٹمنٹ نہیں کی، جنگلات کی زمین سے متعلق جوباتیں کی جارہی ہیں سب غلط ہیں، کچھ علاقوں میں کچہریوں کی جانب سے زمینیں دینے کے معاملات تھے، سندھ حکومت ایسی زمینوں کی الاٹمنٹ پرکام کررہی ہے۔
دوسری جانب مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے منی بجٹ کوغریبوں پربم قرار دیا ہے۔