حکومتی پالیسیوں سے غربت،مہنگائی بڑھ رہی ہے،جاوید قصوری
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں غربت،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ اٹھارہ ماہ میں مسلسل ٹیکس لگانے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور بڑی مقدار میں قرض لینے کے باوجودمعیشت کاپہیہ رواں دواں ہوسکاہے اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تبدیلی نظر آرہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا گیاان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ لاہور میں پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اٹھارہ ماہ میں قرض لینے کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔اندرونی اور بیرونی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہاہے۔ اسی رفتار سے قرضے حاصل کرنے کاسلسلہ جاری رہاتو ملکی معیشت سنبھلنے کی بجائے دیوالیہ ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہپی ٹی آئی حکومت نے عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں دیا،عوامی مسائل کم ہونے کے بجائے الٹا ان میں اضافہ ہوا ہے۔ افسوس ناک امر تویہ ہے کہ حکومتی وزراء مسلسل غلط بیانیاں کرکے قوم کے جذبات کومجروح کررہے ہیں۔موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوتی نظرآرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں مگر حکمرانوں کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ طرزعمل اختیارکرنے اورجھوٹ بولنے کاسلسلہ ختم نہیں ہورہا۔حکمرانوں نے اگر اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادانہیں کرنی اور عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کرنا تو انہیں برسراقتدار رہنے کاکوئی حق نہیں۔