پنجاب اسمبلی کا صوبائی وزراء کو ہاسٹل کے کمرے فوری خالی کرنے کا حکم
لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سپیکرنے صوبائی وزرا ء کو ہاسٹل کے کمرے فوری خالی کرنے کا حکم دیدیااورکہاوزراء نے کمرے خالی نہ کیے توان کا سامان اٹھادیا جا ئے،کمرے خالی کرانے کیلئے جنگ نہیں کرنا چاہتا،وزراء کو جب گھر مل چکے ہیں تو کمروں پر قبضہ کیوں کررکھا ہے،(بقیہ نمبر49صفحہ7پر)
جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن رمیش سنگھ نے اسمبلی رکنیت کا حلف لیا اور کرتاپور راہداری کھو لنے پر آرمی چیف اور نوازشریف کا شکریہ اداکیا،سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری انور بھنڈر کے انتقال پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی،تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت گزشتہ روز ایک گھنٹہ 45منٹس تاخیر سے شروع ہوا،اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ یوتھ افیئرز اور آرکیالوجی کے متعلق سوالوں کے جوا ب صوبائی وزیر تیمور بھٹی کی جانب سے دیے گئے،وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کے ضمنی سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا لاہور مال روڈ 16تاریخی عمارتوں کو محفوظ قراردیدیا گیا،مال روڈ پر اس وقت کوئی تاریخی عمارت خستہ خالی کا شکار نہیں جبکہ قائد اعظم لائبریری کی تعمیر و مرمت کا کام محکمہ آرکائیو و لائبریر یز کی مالی معاونت سے جاری ہے،بعدازراں سپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا بیشتر ممبران کو ہاسٹل کی سہولت کا مسئلہ ہے،پرانے پیپلزہاوس میں کام جاری ہے،سابقہ دور حکومت کے دس سالوں میں ہاسٹل میں ایک کمرے کا اضافہ نہیں کیا،لیکن اب 150کمروں پر مشتمل نیا ہاسٹل تعمیر کیا جا رہا ہے،صوبائی وزراء کو جب گھر مل چکے ہیں تو کمروں پر قبضہ کیوں کر رکھا ہے،وہ فورا کمرے خالی کریں،بیشتر خواتین کو کمرے نہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ پیش آتا ہے،پہلے مرحلے میں ان وزراء کی ٹیبل پر نام رکھے جائیں گے جنہوں نے کمروں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔دوسرے مرحلے میں ان کے نام ہاؤس میں بتاؤ نگا۔فائنل اور آخری مرحلے میں ان وزراء کے کمرے کے باہر ٹرک کھڑے کیے جائیں اور ان میں وزرا ء کا سامان لوڈ کیا جائے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں رمیش سنگھ کا کہنا تھا کرتارپور رہداری کھلنے سے دنیا بھر کے سکھوں کی دلی خواہش پوری کی گئی ہے۔بھارت میں شہریت تبدیلی کے قانون کی شدید مذمت کرتا ہوں۔بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہو کر رہ گئی ہیں۔ننکانہ واقعے پر میں افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی طور پر اقدامات کرنے ہونگے۔سکھ میرج ایکٹ پاس کرکے پنجاب اسمبلی میں ایک منفرد ریکارڈ بنایا۔پاکستان دنیا میں واحد ملک بن گیا ہے جہاں سکھوں کی شادیاں بھی رجسٹررڈ ہونگی۔بعد ازراں اجلاس کا وقت ختم ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج دوپہر تین بجے تک ملتوی کردیا۔
پنجاب اسمبلی