آٹے کا بحران حکومت کی مکمل ناکامی واجد ضیا متنازعہ تحقیقات کیا کرینگے ن لیگ

آٹے کا بحران حکومت کی مکمل ناکامی واجد ضیا متنازعہ تحقیقات کیا کرینگے ن لیگ

  



لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگی رہنماؤں عظمی ٰ بخاری اور ملک احمد خان نے کہا ہے کہ واجد ضیا ایک متنازع شخص ہیں وہ کیا تحقیقات کرینگے۔آٹا بحران کی تحقیقات واجد ضیا کیسے کر سکیں گے۔آٹے، چینی، گڈ گورننس کی ناکامی، چیف سیکرٹری اور وزیراعلی کے دفاتر کی رسہ کشی پر بحث ہو گی،مسلم لیگ ن پنجاب کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب عظمی بخاری اور ملک(بقیہ نمبر54صفحہ7پر)

احمد خان نے کہا کہ۔آٹا بحران حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔وزراء کو اس کا ذمہ دار قرار دیا جانا چاہیئے۔گندم کس کے کہنے پر برآمد کی گئی اور اب مہنگے داموں درآمد کی جا رہی ہے۔اس سے کون پیسے کمائے گا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملک احمد خان کہاکہ عظمی بخاری نے آٹا بحران پر درست تنقید کی تھی۔ایک زرعی ملک خصوصا پنجاب میں آٹا بحران ہونا شرمناک بات ہے۔عظمی بخاری کے گھر آٹا بھیجنا بزدار حکومت کے لئے شرم کا مقام ہے۔کوڑا پورے شہر میں پڑا ہے تو کیا کوڑا اٹھا کر وزرا کے گھر کے باہر رکھ دیا جائے؟بزدار صاحب کو طاقتور کرنے کی مہم عمران خان پر عدم اعتماد ہے۔عمران خان کی ٹیم پر پی ٹی آئی کی اپنی پارلیمانی پارٹی تنقید کر رہی ہے۔پہلے کہا جاتا تھا کہ حلقوں کے ترقیاتی منصوبے سیاسی رشوت ہوتی ہے۔یہ جماعت نہیں بلکہ پکڑ دھکڑ پر اکٹھے کئے گئے لوگ ہیں۔بزدار صاحب نے اپنی پارٹی میں سے فارورڈ بلاک خود بنایا ہے۔وزیراعلی کا دفتر آئینی عہدہ ہے جسے وزیراعظم ہاوس سے چلانا غلط ہے۔گھروں تک آنے کی روایت پی ٹی آئی نے شروع کی ہے جسے ہم تو برداشت کر لیں گے لیکن یہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے بولنے کا سبق مل گیا کہ ایف آئی اے کے کاونٹر ٹیرورزم ڈیپارٹمنٹ نے بلا لیا ہے۔میں جاؤں گی پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔آٹا بحران کا ذمہ دار جہانگیر ترین اور خسرو بختیار ہیں۔اس معاملے پر پارلیمانی کمیشن بننا چاہیئے۔جہانگیر ترین کیسے گندم اور چینی کے بحران کو دیکھ سکتے ہیں۔حکومت میری خواہشات کا احترام کرتی ہے تو میری ایک اور خواہش کا احترام کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے۔پنجاب کی تمام پالیسیاں وفاق سے آتی ہیں اور وہیں سے کنٹرول ہوتی ہیں۔صوبے کی گورننس مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

ن لیگ

مزید : ملتان صفحہ آخر