کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوتا ہے، عابد وزیر

کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوتا ہے، عابد وزیر

  



مردان (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر اور ایم پی اے افتخار مشوانی نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوام کی شکایات سرکاری اداروں کے سامنے پیش کی جاتی ہیں، اور ان شکایات کا ازالہ بھی بہت جلد کیا جا تا ہے۔ کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام کا اعتماد حکومت پر بحال ہوتا ہے اور عوامی مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گجر گڑھی میں عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد خان، محکمہ تعلیم، صحت، واپڈا، سوشل ویلفیئر، سوئی گیس، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عوام نے نکاسی آب، فرش بندی واپڈا، سوئی گیس، صحت اور تعلیم کے حوالے سے شکایات پیش کی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر مردان نے بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے جبکہ بعض مسائل کو متعلقہ محکموں کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔ ایم پی اے نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ آٹے کی مصنوعی قلت پر جلد از جلد قابو پالیا جائیگا۔ اور عوام کو آٹا سرکاری نرخوں پر مختلف مقرر کردہ مقامات پر دستیاب کررہی ہے۔ بجلی اور گیس کے لوڈ شیڈنگ کے بارے میں ڈپٹی کمشنر مردان نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی کہ جلد از جلد لوڈ شیڈنگ کو کم کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

مزید : پشاورصفحہ آخر