ڈیرہ،ڈکیتی کی واردات،مزاحمت پر 2 افراد زخمی

ڈیرہ،ڈکیتی کی واردات،مزاحمت پر 2 افراد زخمی

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈیرہ شہر کے محلہ کمہارانوالہ میں سرشام ڈکیتی کی خونی واردات، 3مسلح نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے گھر کی دہلیز پر چچا بھتیجے سے56لاکھ 99ہزار کی رقم چھین کر مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا، نامعلوم مسلح افراد کیخلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق سیف الرحمن ولد محمد حسین اور اسکا بھتیجا مظہر علی اپنی ملکیتی اراضی کے سودا کے سلسلے میں 56لاکھ99 ہزار روپے کی رقم بیگ میں ڈال کر محلہ کمہارانوالہ اپنے گھر جارہے تھے کہ گھر کے دروازے سے چند قدم پہلے اچانک موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح نقاب پوش ڈاکوؤں نے ان سے رقم کا بیگ چھین لیا اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے دونوں چچا بھتیجے کو زخمی کرکے نوٹوں سے بھرا بیگ لیکر قریبی گلیوں میں فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال بلوچ کی نگرانی میں سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔سٹی پولیس نے زخمی سیف الرحمن کے چچازاد رحمت اللہ ولد محمد جان کی رپورٹ پر تین نامعلوم مسلح ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ادھر دونوں زخمی چچا بھتیجے کو علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر