خواتین کے حقوق پر مختصر ویڈیوگرافی کے مقابلہ کا اعلان

    خواتین کے حقوق پر مختصر ویڈیوگرافی کے مقابلہ کا اعلان

  



لاہور (پ ر) پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے موضوع پر ملک بھر کی جامعات کے طالب علموں کے لئے مختصر ویڈیوگرافی کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقابلے میں حصہ لینے والے طالب علموں کو ایک منٹ کے مختصر دورانیہ کی ویڈیو تیار کرنی ہوگی۔ اول انعام پانے والے کو 50 ہزار روپے انعام، فرسٹ رنر اپ کو 25 ہزار روپے انعام جبکہ سیکنڈ رنر اپ کو 10 ہزار روپے انعام ملے گا۔ اس مقابلہ میں پاکستان کی تمام جامعات کے طالب علم حصہ لے سکتے ہیں۔ اس مقابلے کا نام پی پی اے ایف ون منٹ ویڈیو مقابلہ 2020 (1MVC-2020) ہے جس کا مقصد سال 2030 تک تمام خواتین و لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی عالمی مہم میں یونیورسٹی کے طالب علموں کو شامل کرنا ہے جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) 5میں واضح کیا گیا ہے۔ موصول ہونے والی ویڈیوز کا تعلق خواتین کے عالمی دن 2020 کے موضوع بعنوان (I am Generation Equality: Realizing Women's Rights) کے گرد ہونا چاہیئے۔ موصول ہونے والی ویڈیوز 16 فروری کو رات 12 بجے تک لازمی جمع کرائی جائیں۔ اس کے بعد موصول ہونے والی ویڈیوز قبول نہیں کی جائے گی جبکہ خصوصی جیوری کی جانب سے تین بہترین ویڈیوز کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس مقابلے کے نتائج کا اعلان 28 فروری 2020 کو کیا جائے گا۔ مقابلہ جیتنے والے طالب علموں کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا اور وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پی پی اے ایف کی امت الرقیب ایوارڈ کی سالانہ تقریب میں اپنا ایوارڈ حاصل کریں گے۔ اس مقابلے میں حصہ لینے سے متعلق مزید معلومات، اہلیت کا معیار اور رہنمائی کے لئے اس لنک (1mvc2020.ppaf.org.pk:84) کو وزٹ کریں۔ اس کے علاوہ یہ معلومات پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ کے آفیشل فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بھی دستیاب ہیں۔

مزید : کامرس