اسلام آباد چیمبر اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کا معاہدہ

اسلام آباد چیمبر اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کا معاہدہ

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر طور پر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن (پی اے بی اے) کے درمیان باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر محمد احمد وحید اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کے صدر صدیق شیخ نے باہمی تعاون کے سمجھوتے پردستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کامرس، صنعت و تجارت، زراعت، تعلیم، بزنس انفارمیشن، ہاسپٹیلٹی و سیاحت، درآمدات و برآمدات، انفراسٹریکچر، سرمایہ کاری، جیولری و ہینڈی کرافٹس، ماربل، فارماسوٹیکلز، پیشہ وارانہ و تکنیکی سروسز، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل، ایس ایم ایز، ٹیکسیشن، ٹرانسپورٹ و توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلیکام سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے اپنی متعلقہ حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں جس سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور پی اے بی اے کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کومزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کے صدر صدیق شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی ایسو سی ایشن 1986میں واشنگٹن ڈی سی میں قائم کی گئی تھی جو دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان بزنس نیٹورکنگ، بزنس کنونشنز اور تجارتی میلے منعقد کرنے کیلئے سرگرم عمل رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر دونوں اداروں کے ممبران اور ممبر کمپنیوں کیلئے پاکستان اور امریکہ میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے نئے مواقع تلاش کرے گی جس سے نہ صرف دونوں اداروں کے ممبران کا کاروبار بہتر ترقی کرے گا۔

بلکہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباراور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تواتر کے ساتھ آپس میں معلومات کا تبادلہ کریں گے تا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کار ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزید : کامرس