لاہور میں آٹا چکی اونرز کی ہڑتال جاری، اہل کراچی آٹے کے بعد چینی بحران سے دوچار

لاہور میں آٹا چکی اونرز کی ہڑتال جاری، اہل کراچی آٹے کے بعد چینی بحران سے ...

  



لاہور،کراچی (نیوز ایجنسیاں) آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی۔ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبد الرحمان نے کہا ہے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی اور چکیاں مکمل بند رکھی گئیں، ایسوسی ایشن میں کسی طرح کی دھڑے بندی نہیں اور صرف عہدیداران انتظامیہ سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ ابھی تک صرف گندم کے کوٹے کی منظوری ہوئی ہے۔ چکی مالکان گندم کے حصول کیلئے گئے تو انہیں کہا گیا اپنی ڈاکو منٹیشن مکمل کریں،آٹا چکی مالکان کوجو لائسنس جاری ہوئے ہیں ان کی تجدید ہونی ہے جو نہیں کی جارہی اور نئے لائسنس کا بھی اجراء نہیں کیا جارہا۔ اگر اب صورتحال خراب ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ادھرشہرقائد کراچی میں آٹے بحران کے بعد چینی بھی نا یاب ہونے لگی ہے۔مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، اشیاضروریہ کا سامان نایاب اور عوام کی پہنچ سے دور ہوتاجارہا ہے۔آٹے کے بعد چینی کی قیمت آسمان پر جا پہنچی ہے، چند روز کے دوران چینی کی قیمت میں 10روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوا ہے،جس کے باعث کراچی میں چینی80روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔دوسری جانب بدین میں شوگر مل مالکان اور کاشتکاروں میں گنے کے نرخ پر تنازع شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے باعث شوگرمل مالکان نے اپنی شوگر ملز بند کردی ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے مالکان فی من گنا صرف ایک سو نوے روپے میں خرید رہے ہیں۔دوسری طرف حکومتی اقدامات کے باوجود شہرقائد میں آٹا مقررہ قیمتوں پر نہیں مل رہا، منافع خوروں نے اپنے ریٹ مقرر کردیئے ہیں۔حکومت نے بھی عوام کو گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے،کراچی میں آٹا تاحال 70روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ فائن آٹا 65روپے اور چکی کا آٹا70 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔مہنگائی کے مارے شہریوں کا کہنا ہے اب گزارا نہیں ہوتا، کھانے میں روٹی کا استعمال کم کردیا ہے اس ہوشربا مہنگائی میں دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوچکا ہے۔شہریوں نے آٹے کے بحران سے پریشان ہو کر حکومت سے ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گھر کی ضرورت سے انتہائی کم آٹا دیا جا رہا ہے، لہٰذا اس مسئلے کا جلد حل کیا جائے۔دوسری جانب کراچی میں چائے کے ہوٹل مالکان اپنے ہوٹل بند کرنے کا سوچ رہے ہیں، ان کا کہنا ہے آٹا، چینی، پتی اور دودھ سب مہنگا ہوگیا ہے۔

آٹا چکی ہڑتال

مزید : صفحہ آخر