سٹاک مارکیٹ میں مندی کا تسلسل برقرار، ڈالر 10پیسے اور سونا 150روپے تولہ سستا

سٹاک مارکیٹ میں مندی کا تسلسل برقرار، ڈالر 10پیسے اور سونا 150روپے تولہ سستا

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز بھی مندی کا رجحان برقرار رہاجس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید54.33پوائنٹس کی کمی سے 42506.94پوائنٹس کی سطح پرآگیا جبکہ 51.63فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 28ارب33کروڑ23لاکھ روپے کانقصان اٹھانا پڑاتاہم کاروباری حجم بدھ کی نسبت29.68فی صدزائد رہا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہواجس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس42907پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا تاہم بعد ازاں شیئرز فروخت کا دباؤ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس54.33پوائنٹس کی کمی سے 42506.94پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر368کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ190میں کمی اور24میں استحکام رہا۔دوسری جانبپاکستان کی ا وپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں 10پیسے کی کمی ہوئی۔ برطانوی پاونڈ اور یوے ای درہم کی قدر میں اضافہ ہواجبکہ یورو اور سعودی ریال کی قدر میں استحکام رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت خرید ایک پیسے کی کمی سے154.57روپے سے گھٹ کر 154.56روپے اور قیمت فروخت154.67روپے سے گھٹ کر154.66روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید154.60روپے سے گھٹ کر154.50روپے اور قیمت فروخت154.90روپے سے گھٹ کر154.80روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں 4ڈالر کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1554ڈالر ہوگئی،مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 150روپے سستا ہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 150روپے کمی سے90150 روپے اوردس گرام سونے کی قیمت128روپے کے اضافے سے77390روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 30روپے کی کمی سے ایک ہزار روپے اوردس گرام کی قیمت 857روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ/ڈالر/ سونا

مزید : صفحہ آخر