گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب،پی ٹی آئی،(ق) لیگ ایک پیج پر،ترجمان حکومت

گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب،پی ٹی آئی،(ق) لیگ ایک پیج پر،ترجمان حکومت

  



لاہور(جنرل رپورٹر) ترجما ن پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب، پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ارا کین اسمبلی ایک پیج پر ہیں،صوبائی حکومتی امور چلانے میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت نے ایک بیان میں کہا صوبہ میں تحریک انصاف کے بعض اراکین اسمبلی نے کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا یہ باتیں بے بنیاد اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہیں۔ تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارصوبے کے چیف ایگزیکٹو اور آئین کے تحت اختیارات استعمال کر رہے ہیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور بھی آئین کے تحت حاصل کردہ اختیارات کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے سٹیک ہولڈرز کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔ اختلاف کی افواہیں پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کی قیادت کا تحریک انصاف یا اتحادی جماعت کے کسی رہنما یا سپیکر پنجاب اسمبلی یا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا اختلاف ہے اور نہ ہی ہوگا۔ پنجاب کی سیاسی قیادت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خد مت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے اور تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ایک مضبوط و مستحکم ٹیم کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مصروف عمل ہے۔ پنجاب کے حوالے سے گمراہ کن اور شرانگیز افواہیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور صوبے کی ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان حکومت

مزید : صفحہ آخر